بھٹکل:12/مارچ (ایس او نیوز)انجمن آرٹس، سائنس اینڈکامرس کالج اور پی جی سنٹر بھٹکل کےشعبہ کامرس اور معاشیات کے زیر اہتمام 12مارچ 2017کو انجمن فنکشن ہال میں ’’ ڈیجیٹل معیشت کی طرف ایک اہم قدم ‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ سمینار منعقد کیا گیا۔
سمینار میں منگلورو یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کے چیرمن ڈاکٹر شری پتی کلورایا نے کلیدی خطاب میں نوٹ بندی کی پالیسی کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہاکہ نوٹ بندی کی وجہ سے کالادھن اور رشوت خوری پر قدغن لگے گا۔ ملک کے 120کروڑ لوگوں میں سے صرف %4 عوام ہی ٹیکس اداکرتے ہیں، زیادہ تر اس سے بچتے رہتے ہیں، آگے ایسا نہیں ہوگا، اسی طرح انہوں نے منفی نقطہ نظر کے سلسلے میں کہا کہ نئے نوٹوں کو سپلائی کرنے میں خامی ہوئی ہے، عام عوام کو کافی تکالیف کا سامنا کرناپڑا ہے یہ سچ ہے ۔ لیکن رشوت خوری کو لے کر ہم صرف سیاست دانوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں تو صحیح نہیں ہوگا۔ ہمیں خود شفاف ہونا ہوگاتب سماج میں تبدیلی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ نوٹ بندی سے روزگار پیدا ہوگا۔ اسی موقع پر انہوں نےکہاکہ جو برسرِ اقتدار ہیں وہ دوسروں کے لئے مثالی اور نمونہ ہونا چائیے۔
جسٹس کے ایس ہیگڈے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ نٹے کے ڈاکٹر سدھیر راج نے بہترین منطق کا استعما ل کرتے ہوئے نوٹ بندی کو بہتر پالیسی بتایا اور کہاکہ ہم صرف آج کو دیکھ کر تبصرہ کرتے ہیں جب کہ مستقبل کو دیکھنے کی ہم میں طاقت نہیں ہے ، صرف ا،ب،پ کی بنیاد پر کمنٹ نہ کریں بلکہ ہ ، ی،ے کو بھی دیکھیں، یعنی شروعات میں جو کچھ ہوتاہے وہی سب کچھ نہیں ، بلکہ اس کے انجام کو بھی دیکھنا ضروری ہوتاہے ، جو دانشور ہوتےہیں وہی ان سب باتوں کو پرکھ کر تبصرہ کرتے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے کئی ایک مثالوں سے نوٹ بندی کی پالیسی کو بہتر ین قرار دیا۔
بھٹکل اربن بینک کے جنرل مینجر ایس عبدالرزاق ، ڈاکٹر شوکت علی ، ڈاکٹر گوپال کرشنا گاؤنکر نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر عبدالرحیم جوکاکو نے افتتاحی تقریب کی صدار ت کی۔ اس موقع پر انجمن کے جنرل سکریٹری ، ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری ، کالج بورڈ سکریٹری جاوید حسین آرمار، کالج پرنسپال مشتاق احمد شیخ، نائب پرنسپال سہیل احمد، نیاک کوآرڈینیٹر بی ایچ نداف وغیرہ موجود تھے۔ شعبہ اکنامکس کے پروفیسر دیوی داس پربھو نے افتتاحی کلمات پیش کئے تو طالبہ دیویا پربھو نے استقبال کیا۔ بھویا نائک، راجیشوری نائک نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ سومتی نایک نے شکریہ اداکیا۔ ناگ رتنا شیٹھ اور رمیا نائک نے نظامت کی۔